کورونا پھیلاؤ کو روکنے کیلئے 3 ریاستوں کے مائیگرنٹ لیبرس پر تلنگانہ میں پابندی

   

حیدرآباد 19 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مختلف ریاستوں سے آنے والے مائیگرنٹ لیبرس کو کورونا پازیٹیو کیسیس میں اضافہ کے بعد حکومت نے تین ریاستوں سے آنے والے مائیگرنٹ لیبرس پر روک لگادی ہے۔ کمیونٹی ٹرانسمیشن کو روکنے کے لئے یہ قدم اُٹھایا گیا جس کے مطابق مہاراشٹرا، گجرات اور آندھراپردیش سے واپس ہونے والے مائیگرنٹ لیبرس کو پاسیس کی اجرائی روک دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے پہلے مرحلہ میں ہزاروں کی تعداد میں مائیگرنٹ لیبرس اپنے آبائی مقامات واپس ہوگئے تھے اور اُن میں سے بیشتر واپسی کے خواہاں ہیں۔ جھارکھنڈ، بہار اور چھتیس گڑھ سے بڑی تعداد میں مائیگرنٹ لیبرس تلنگانہ کو واپس ہوگئے۔ مہاراشٹرا، گجرات اور آندھراپردیش کے مائیگرنٹ لیبرس بھی واپسی کے لئے تلنگانہ حکومت کی منظوری کا انتظار کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کورونا کے واقعات میں مذکورہ ریاستوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے 14 مئی سے پاسیس کی اجرائی روک دی ہے۔ ان ریاستوں میں کورونا کیسیس میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ایسے میں ہزاروں مائیگرنٹ ورکرس کی تلنگانہ واپسی کی صورت میں یہاں مرض کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا اور یہ عارضی نوعیت کا فیصلہ ہے۔ لاک ڈاؤن کے خاتمہ یا پھر مذکورہ ریاستوں میں کورونا کیسیس میں کمی کے بعد پاسیس کی اجرائی کا آغاز ہوگا۔ دیگر ریاستوں کے مائیگرنٹ لیبرس واپسی کے سلسلہ میں کنٹرول روم سے فون نمبر 040-23450624 پر ربط قائم کرسکتے ہیں۔ حکومت نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے کسی بھی ریاست کی آر ٹی سی بس کو تلنگانہ میں داخلہ کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ کی بسیں دیگر ریاستوں میں نہیں جائیں گی بلکہ صرف ریاست کے حدود تک اپنی خدمات جاری رکھیں گی۔