کورونا پھیلاو میں قدرے کمی ‘ 13 نئے متاثرین

,

   

جملہ متاثرین کی تعداد 983 ہوگئی ۔ علاج کیلئے پلازما تھیراپی کی اجازت : ایٹالہ راجندر
حیدرآباد 24 اپریل ( پی ٹی آئی ) حکومت تلنگانہ کو مرکز سے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے پلازما تھیراپی کی اجامت مل گئی ہے ۔ ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر نے آج یہ بات بتائی ۔ اس دوران تلنگانہ میں جمعہ کو کورونا کے 13 نئے کیسیس سامنے آئے ہیں۔ آج 13 نئے مریضوں کے ساتھ ریاست میں کورونا وائرس کے جملہ مریضوں کی تعداد 983 تک جا پہونچی ہے ۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے بتایا کہ جمعہ کو کسی بھی مریض کی کورونا وائرس کی وجہ سے موت نہیں ہوئی ہے ۔ اس طرح اب تک اس وائرس کی وجہ سے ریاست میں فوت ہونے والوں کی تعداد 25 ہی ہے ۔ اب تک اس وائرس کے علاج اور صحتیابی کے بعد جملہ 291 مریضوں کو گھر جانے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ فی الحال ریاست کے مختلف دواخانوں میں 663 افراد زیر علاج ہیں۔ ایٹالہ راجندر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ریاست کو پلازما تھیراپی کے استعمال کی اجازت نہیں ملی تھی ۔ یہ اجازت جلد حاصل کرنے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جا رہے تھے ۔ مرکز سے نمائندگی بھی کی گئی تھی ۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اب اجازت دیدی گئی ہے کہ ریاست میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے کیلئے پلازما تھیراپی کا طریقہ کار اختیار کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جن مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ان میں اس تھیراپی کا استعمال کیا جائیگا ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ فی الحال ریاست میں مریضوں کی تعداد میں کم اضافہ ہو رہا ہے اور یہی رجحان رہا تو گدوال ‘ وقار آباد اور سوریہ پیٹ اضلاع میں بھی مریضوں کی تعداد میں کمی آئیگی جہاں ابتداء میں بہت زیادہ کیسیس سامنے آ رہے تھے ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں بھی کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی آئے گی ۔ تلنگانہ میں کورونا کے جتنے مریض ہیں ان میں اکثریت کا تعلق جی ایچ ایم سی حدود سے بتایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج جو صورتحال ہے اگر وہی برقرار رہتی ہے تو ریاست میں کورونا کے مریضوں کی تعداد کم سے کم ہوتی جائے گی اور صورتحال مثبت تبدیلی لاسکتی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی کچھ اور مریضوں کو علاج کے بعد ڈسچارج کردیا جائیگا ۔