نئی دہلی23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے آج اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’کورونا وائرس‘‘ جیسی بیماری نے جس طرح پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور وہ اس کے سامنے بالکل بے بس نظرآتی ہے اس سے ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ انسان اپنی تمام ترعلمی اور سائنسی ترقی کے باوجود اس عظیم طاقت کے سامنے کوئی حیثیت نہیں رکھتا جو ہر شئے کی خالق ہے۔انہوں نے ملک کے تمام شہریوں سے یہ اپیل کی کہ اس وبائی بیماری سے خود کو محفوظ رکھنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اور اس کو لے کر عالمی تنظیم برائے صحت (WHO) اور مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جو ہدایات جاری ہوئی ہیں ان پر نہ صرف خود عمل کریں بلکہ دوسرے لوگوں کو بھی اس پر عمل پیرا ہونے کی تحریک دیں، انہوں نے کہا کہ اتوارکے روز ملک کے تمام شہریوں نے جس طرح احتیاط، یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کاروباری ادارے اور دفاتر بند رکھے یہاں تک کہ عام شہری بھی بلا ضرورت اپنے گھروں سے باہر نہیں نکلے، اس کی جس قدر بھی ستائش کی جائے وہ کم ہے۔