کورونا ڈیٹا میں ہیرا پھیری سے انکار پر امریکی خاتون سائنسداں کو سزا

   

واشنگٹن ،20 مئی(سیاست ڈاٹ کام)ریاست فلوریڈا میں کوروناوائرس سے متعلق ڈیٹا پورٹل بنانے والی سائنسدان کو اعداد و شمار میں ہیرا پھیری سے انکار پر نا صرف عہدہ سے ہٹادیا گیا بلکہ انہیں محکمہ صحت سے بھی برطرف کر دیا گیاہے ۔ربیکا جونز نے امریکی نیوز نیٹ ورک کو کی گئی ای میل میں بتایا کہ انہوں نے تنہا دو زبانوں میں الگ الگ ایپلی کیشنز تیار کیں، جن میں 6 منفرد نقشوں کے ذریعے 5 لاکھ افراد کا ڈیٹا یکجا کیا، جس کا مقصد تھا کہ فلوریڈا کے لوگوں اور تحقیق کاروں کو کورونا کی حقیقی صورتحال معلوم ہوسکے ۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے لئے انہوں نے بلا معاوضہ دو ماہ تک 16 سولہ گھنٹے کام کیا۔ ڈیٹا میں تبدیلی سے انکار پر انہیں فلوریڈا کے محکمہ صحت سے گرافک انفارمیشن سسٹم منیجر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ربیکا جونز نے تحقیق کرنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان کے پورٹل سے ڈیٹا لینے میں احتیاط کریں کیونکہ اس میں متوقع طور پر تبدیلیاں کردی جائیں گی۔