کورونا کا اثر : ریل سفر بھی فضائی سفر کی طرح ہوگا

,

   

دو گھنٹہ قبل اسٹیشن پہنچنے کا لزوم ، رہنمایانہ خطوط کی تیاری
حیدرآباد۔28اپریل(سیاست نیوز) ملک میں لاک ڈاؤن جب ختم ہوگا تو ریل کا سفر بھی فضائی سفر کی طرح ہوجائے گا اور ریلوے اسٹیشن بھی مسافرین کو 2گھنٹے قبل پہنچنا پڑے گا کیونکہ لاک ڈاؤن کے خاتمہ کے بعد ریل خدمات کے آغاز کے لئے نئے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کے سلسلہ میں تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ہندستانی ریلوے نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے مطابق ریلوے کے ذریعہ سفر کرنے والے مسافرین پر بھی سماجی فاصلہ کی برقراری کو لازمی بنایا جائے گااور انہیں دو گھنٹے قبل اسٹیشن پہنچنے کی تاکید کی جائے گی اور تمام اسٹیشنوں پر لازمی طبی معائنہ کو یقینی بنایاجائے گا ۔لاک ڈاؤن کے خاتمہ اور ریل خدمات کی بحالی کیلئے جو حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے اور منصوبہ بندی کی جا رہی ہیں ان کے مطابق ملک کے تمام ریلوے اسٹیشنوں پر طبی معائنہ کو یقینی بنایا جائے گا اور جن مسافرین کو بخار ‘ کھانسی یا کورونا وائرس کی علامتوں میں سے کوئی علامت پائی جاتی ہے تو اسے سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات اور عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کئے جانے والے رہنمایانہ خطوط کے مطابق ریلوے مسافرین کے لئے قواعد تیار کئے جا رہے ہیں اور ان پر لاک ڈاؤن کے خاتمہ کے بعد سختی سے عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔ ریلوے سے سفر کیلئے پہنچنے والے مسافرین کی طبی جانچ کے علاوہ ان کے لگیج اور سامان کو جراثیم کش ادویات سے گذارنے کے بھی انتظامات کئے جائیں گے کیونکہ ریلوے سے سفر کے دوران مسافرین میں وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے اور ریلوے ان خدشات سے پاک ریلوے کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے اقدامات کر رہی ہے۔ طبی جانچ اور لگیج کو جرثیم کش ادویات سے پاک کرنے کے علاوہ سفر کے دوران سماجی فاصلہ کی برقراری کو یقینی بنانے کیلئے مسافرین کو دو گھنٹے قبل اسٹیشن پہنچنے کی تاکید کی جائے گی اور جو مسافرین کے لئے لازمی ہوگا اور ایسانہ کرنے والوں کو سفری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔