کورونا کا اثر ‘24 گھنٹوں میں 63 ڈومیسٹک پروازیں منسوخ

   

حیدرآباد۔کورونا مریضوں کی بڑھتی تعداد اور کئی ریاستوں میں تحدیدات کو دیکھتے ہوئے گذشتہ 24 گھنٹوں میں حیدرآباد سے ملک کے مختلف حصوں کو روانہ ہونے والی 63پروازوں کو منسوخ کیا جاچکا ہے اور آئندہ دنوں میں مزید پروازوں کی تنسیخ ہوسکتی ہے ۔ راجیوگاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے اندرون ملک یومیہ 350پروازیں چلائی جاتی ہیں لیکن گذشتہ دو یوم میں کئی ریاستوں میں تحدیدات کو دیکھتے ہوئے کئی پروازوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ملک کی کئی ریاستوں میں مکمل لاک ڈاؤن کے علاوہ دہلی میں تلنگانہ اور کرناٹک کے شہریوں کیلئے 7یوم قرنطینہ کے لزوم ساتھ ہی مسافرین کی تعداد میں گراوٹ کو دیکھتے ہوئے حیدرآباد سے مختلف شہروں کیلئے پروازو ںکو روک دینے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ ائیرپورٹ حکام نے بتایا کہ اس فیصلہ سے ڈائرکٹر جنرل شہری ہوا بازی کی جانب سے ائیر پورٹ کو مطلع کردیا گیا اور ائیر لائنس نے یہ وضاحت نہیں کی کہ منسوخ پروازو ںکو کب تک بحال کیا جائے گا! حیدرآباد سے مختلف ریاستوں کیلئے سفر کرنے والوں کی تعداد میں کمی کے سلسلہ میں دریافت کرنے پر حکام نے بتایا کہ فضائی مسافرین کی تعداد میں 40 فیصد تک کی کمی آرہی تھی لیکن دہلی کی جانب سے تلنگانہ کے مسافرین کیلئے قرنطینہ کے لزوم کے بعد حالات ابتر ہونے لگے ہیں ۔ خدشہ ہے کہ آئندہ چند یوم میں مزید پروازوں کو منسوخ کردیا جائیگا۔ ائیر لائنس ذمہ داروںکی جانب سے امکانی لاک ڈاؤن کے پیش نظر ٹکٹس کی اجرائی میں احتیاط کیا جا رہاہے کیونکہ اگر ٹکٹ جاری کردیئے جاتے ہیں اور لاک ڈاؤن ہوتا ہے تو پروازوں میں مسافرین کا ہجوم بڑھ جانے کا خدشہ ہے۔ 63 پروازوں کی گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تنسیخ سے متعلق عہدیداروں نے بتایا کہ ان حالات میں پروازوں کو جاری رکھنا ممکن نہیں ہے اسی لئے اندرون ملک پروازوں کو منسوخ کیا گیا ہے جن میں دہلی ‘ چینائی ‘ بنگلورو‘ گوا کے علاوہ ممبئی اور دیگر شہر شامل ہیں۔