نیویارک: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی ایمرجنسی کمیٹی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کا بحران ختم ہونے کا فی الحال کوئی امکان نہیں اور وبا پر طویل عرصے تک کنٹرول کے لیے اگلی نسل کی ویکسینز بنانے کے لیے تحقیق کا مطالبہ کیا۔رپورٹ کے مطابق 19 اراکین پر مشتمل کمیٹی کا ہر 3 ماہ میں اجلاس ہوتا ہے جس میں کورونا وبا پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سفارشات پیش کی جاتی ہیں۔ڈبلیو ایچ او نے طویل ورچوئل اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا کہ ’کورونا ویکسین لگوانے اور علاج کے ذریعے پیشرفت دیکھی گئی ہے لیکن موجودہ حالات کے تجزیے اور پیش گوئی سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی وبا ختم ہونے کا ابھی کوئی امکان نہیں‘۔کمیٹی نے دوبارہ استعمال کیے جانے والے ماسک، سانس لینے کے آلے اور آئندہ نسل کے لیے ویکسین اور تشخیص و علاج کے حوالے سے مزید تحقیق کا مطالبہ کیا تاکہ طویل عرصے تک عالمی وبا پر کنٹرول کیا جاسکے۔بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ’کورونا وائرس کی منتقلی کو کم کرنے کے لیے ماسک کا استعمال، جسمانی فاصلہ، ہاتھوں کو صاف رکھنا اور انڈور سطح پر ہوا کے گزر کے نظام میں بہتری اب بھی ضروری ہے‘۔کمیٹی کا کہنا تھا کہ طویل عالمی وبا نے انسانی ایمرجنسی، وسیع پیمانے پر ہجرت اور دیگر بحران کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، لہٰذا ممالک کو چاہیے کہ اپنی تیاری اور ردعمل کے منصوبوں پر نظرثانی کریں۔