نئی دہلی 7 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کی ایک اسٹڈی میں پتہ چلا ہے کہ کورونا کا ایک مریض 30 دن میں 406 افراد کو متاثر کرسکتا ہے اگر احتیاطی اقدام جیسے لاک ڈاون اور سماجی دوریوں کا خیال نہ رکھا جائے ۔ مرکزی وزارت صحت نے آج یہ بات بتائی ۔ جوائنٹ سکریٹری وزارت صحت لو اگروال نے کہا کہ اگر احتیاطی اقدامات اختیار کئے جاتے ہیں تو اتنے ہی ایام میں ایک مریض سے 2.5 افراد اس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سماجی دوریوں کو اختیار کریں اور لاک ڈاون کے احکامات کی پابندی کریں۔ احتیاطی اقدامات در اصل کورونا پر قابو اپنے کا سماجی ٹیکہ بھی ہے ۔ جوائنٹ سکریٹری نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے مریضوں سے نمٹنے کیلئے دواخانوںاور دیگر نگہداشت صحت کے مراکز کو تین زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ اس کے تحت مشتبہ اور معمولی علامات والوں کو عارضی سہولت گاہوں میں رکھا جائیگا ۔ ان میں اسکولس ‘ ہاسٹلس ‘ اسٹیڈیم وغیرہ شامل ہیں۔ اسی طرح اس کے متاثرہ دیگر افراد کیلئے بھی دواخانوں کی نشاندہی کردی گئی ہے اور جو شدید متاثر ہوتے ہیں ان کیلئے بھی علیحدہ انتظام کیا گیا ہے ۔