’ کورونا کا بدترین دور گزر گیا‘

,

   

۔24 گھنٹے میں ڈھائی ہزار ہلاکت پر ٹرمپ کا ردعمل
واشنگٹن ۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا ایک اور قیامت خیز دن ہے جب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اموات ڈھائی ہزار کے قریب پہنچ گئیں، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہتے ہیں کہ امریکہ میں کورونا کا بدترین دور گزر گیا۔کورونا وائرس کی وباء نے اب تک امریکہ میں 6 لاکھ 44 ہزار 348 افراد کو اپنا شکار بنایا ہے، اموات کی مجموعی تعداد 28 ہزار 554 ہو گئی۔امریکہ میں کورونا کے 5 لاکھ 67 ہزار 86 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جن میں سے 13 ہزار 487 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ فضلِ خداوندی سے 48 ہزار 708 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔امریکی ریاست نیویارک میں 2 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔امریکی جریدے بلوم برگ نے اگلے سال کے وسط تک صرف نیویارک میں 4 لاکھ 75 ہزار نوکریاں ختم ہونے اور ٹیکس کی مد میں 9 اعشاریہ 7 ارب ڈالرز کی کمی کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔ادھر امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جارحانہ حکمتِ عملی کے باعث امریکہ میں کورونا وبا کا بدترین دور گزر گیا ہے۔