پیلی بھیت14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)کورونا وائرس کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں شرپسند عناصر کی متعصبانہ سرگرمیوں کا سامنا کر رہے مسلمانوں کی پریشانیاں کم ہونے کی بجائے بڑھتی ہی جارہی ہیں۔ یو پی کے پیلی بھیت ٹائیگر ریزرو میں ایسا ہی ایک معاملہ سامنے آیا ہے جب یہاں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے کچھ مستقل ملازمین کو محض مسلم ہونے کی بنیاد پرملازمتوں سے برطرف کرکے گھر بیٹھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔ ٹائیگر ریزرو کی براہی رینج میں تعینات رینج افسر دنیش کمار گوئل کے ذریعہ اقلیتی طبقہ کے تین ملازمین کو خدمات سے ہٹا دیا گیا۔ بعد میں جب فرقہ وارانہ امتیاز برتے جانے کی خبر عام ہوئی تو ایک ملازم کو واپس کام پر بْلا لیا گیا، لیکن دو ملازمین اب بھی اپنے گھروں پر خالی بیٹھے ہیں۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے دونوں ملازمین کے گھروں میں معاشی تنگ دستی کا حال بنا ہوا ہے۔