حیدرآباد30اپریل (یواین آئی) کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے شبہ میں حیدرآباد کے کوکا پیٹ علاقہ میں ایک تاجر کے تقریبا60ہزار روپئے کے پھل دفن کردیئے گئے ۔شہر حیدرآباد کے بچوں کے مشہور نیلوفر اسپتال کی ایک نرس جو کوویڈ19سے متاثر پائی گئی تھی،نے چند دن قبل اس دکان سے پھل خریدے تھے ۔یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب بارہویں جماعت کی طالبہ دیویا اکشیتا نے اس تعلق سے ٹوئیٹ کیا۔کوکاپیٹ میں کئی برسوں سے یہ تاجر پھل فروخت کررہا تھا۔ دیویا نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اپارٹمنٹ میں دو سال سے رہتی ہے ۔تب ہی سے وہ اس تاجر کو دیکھ رہی ہے ۔نیلوفر ہاسپٹل کی نرس نے اس مقام سے پھل خریدے تھے اور اگلے دن وہ کورونا سے مثبت پائی گئی۔جب انتظامیہ نے اس سے پوچھا تو اس نرس نے کہا کہ وہ اس تاجر کی دکان آئی تھی۔بعد ازاں اس تاجر کا طبی معائنہ کیاگیا اوراس کو الگ تھلگ کردیاگیا۔بلدیہ نے تاہم اس کے تمام پھل،لاری میں بھر کر ان کو نارسنگی سرکل کے قریب دفن کردیا۔دیویا نے کہا کہ یہ تاجر کافی غریب تھا اور روزانہ پھل فروخت کرتے ہوئے زندگی بسر کررہا تھا۔اب وہ کافی مشکل کا شکار ہوگیا۔دیویا نے اس کو معاوضہ اداکرنے کی خواہش کی۔نارسنگی کے سب انسپکٹر آرلکشمن نے کہا کہ حکام نے اس پھل فروخت کرنے والے کو مناسب معاوضہ کی یقین دہانی کروائی ہے ۔