ہندو نعشوں کی آخری رسومات ، انسانی ہمدردی کا ثبوت فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ
حیدرآباد :۔ کورونا بحران کے دوران خونی رشتے اپنوں کی آخری رسومات انجام دینے سے انکار کررہے ہیں ۔ اس نازک دور میں کورٹلہ کے مسلم نوجوان ہندو نعشوں کی آخری رسومات انجام دیتے ہوئے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندو مسلم فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مستحکم کرنے میں اہم رول ادا کررہے ہیں ۔ کورونا کے اس دور میں کسی بھی موت پر لوگ خوفزدہ ہیں کورونا کے شکوک کا اظہار کرتے ہوئے بچے ماں باپ کی آخری رسومات انجام دینے سے انکار کررہے ہیں ۔ رشتہ دار بھی قریب نہیں آرہے ہیں ایسے حالت میں ضلع کریم نگر کے کورٹلہ سے تعلق رکھنے والے مسلم نوجوان آخری رسومات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے دوسروں کے لیے مثالی تقلید کا باعث بن رہے ہیں ۔ ضلع کریم نگر میں ہر دن 80 تا 120 تک کورونا کے نئے پازیٹیو کیسیس درج ہورہے ہیں ۔ 2 ماہ کے دوران 8 تا 10 کورونا کی اموات ہوئی ہیں ۔ ضلع بھر میں 250 سے زائد افراد ہوم آئسولیشن میں ہے مزید چند افراد سرکاری آئسولیشن مراکز میں زیر علاج ہیں ۔ مزید چند افراد کریم نگر کے ہیڈکوارٹر کے علاوہ حیدرآباد پہونچ کر اپنا علاج کروا رہے ہیں ۔ کورونا کے مثبت معاملات میں دن بہ دن اضافہ سے عوام میں ڈر و خوف پیدا ہورہا ہے ۔ ان حالت میں عام موت کو بھی کورونا کی نظر سے دیکھتے ہوئے آخری رسومات میں بھی خونی رشتہ اور قریبی رشتہ دار بھی شریک ہونے سے انکار کررہے ہیں ۔ لیکن کورٹلہ کے مسلم نوجوان عبدالرب ، اسحاق ، نصیر علی ، انصار ، شعیب اور عمران کی جانب سے ایک ٹیم بناتے ہوئے آخری رسومات کی انجام دہی میں جرأت مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مکمل تعاون کررہے ہیں ۔ دو دن قبل کورٹلہ کے سرکاری ہاسپٹل میں کورونا کا ٹسٹ کرانے کے لیے پہونچنے والی ایک خاتون وہیں کھڑے کھڑے ڈھیر ہو کر فوت ہوگئی ۔ یہی مسلم نوجوانوں کی ٹیم نے اس خاتون کو شمشان گھاٹ پہونچانے اور آخری رسومات انجام دینے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ کورٹلہ کے جواہر روڈ پر ایک شخص فوت ہوگیا ۔ کورونا سے فوت ہونے کے خوف سے اس شخص کے رشتہ داروں نے آخری رسومات میں شرکت نہیں کی ۔ یہی مسلم نوجوانوں کی ٹیم نے پی پی ای کٹس پہن کر اس شخص کی آخری رسومات انجام دی ۔ عبدالرب نے بتایا کہ عام اموات اور کورونا کی موت سے آخری رسومات کی انجام دہی میں کئی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ ہم دوستوں نے آپس میں صلاح و مشورہ کرنے کے بعد اس مصیبت کی گھری میں ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پی پی ای کٹس تمام حفاظت کے ساتھ ماسک لگا کر سنیٹائزر استعمال کرتے ہوئے آخری رسومات انجام دینے میں مکمل تعاون کررہے ہیں ۔۔