دنیا بھر میں کئی بڑی شخصیتوں کا مصافحہ سے گریز
نئی دہلی ۔ 13مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آپ جب کسی سے ملاقات کرتے ہیں تو معانقہ کرسکتے ہیں یا مصافحہ کرسکتے ہیں یا جسمانی اتصال کا کوئی اور طریقہ بھی ہوسکتا ہے لیکن موجودہ طور پر مہلک کوروناوائرس کے باعث دنیا بھرمیں لوگ ملاقات کے وقت جسمانی ربط سے گریز کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اس پس منظر میں نمستے کا ہندوستانی خیرمقدمی طریقہ مقبول ہوتا جارہا ہے۔ کئی عالمی قائدین اور دیگر شخصیتیں اب ملاقات پر ہیلو، ہائے اور ہاوڈویوڈو کہتے ہوئے مصافحہ یا معانقہ کے بجائے دونوں ہاتھ جوڑ کر نمستے پر اکتفا کررہے ہیں۔ نمستے دراصل سنسکرت الفاظ نمس (جھکنا) اور تے (آپ کیلئے) کی ترکیب ہے۔ چنانچہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کو آئرلینڈ کے وزیراعظم لیووراڈکر کا نمستے سے استقبال کیا۔ برطانیہ کے پرنس چالس نے بھی حال ہی میں ایسا ہی کیا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانیول میکرون نے بھی اسپین کے کنگ فلپ کا استقبال نمستے سے کیا۔ رواں ماہ کے اوائل اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نتن یاہو نے اپنے شہریوں کو مصافحہ کرنے کے بجائے نمستے کا طریقہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ دنیا بھر میں یہ تمام تبدیلی چین سے پھیلے کورونا وائرس کے بعد سے دیکھنے میں آرہی ہے۔
سی جی ایچ ایس میں دواؤں اور ڈاکٹروں کی کمی نہیں :ہرش وردھن
نئی دہلی13مارچ(سیاست ڈاٹ کام )مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کے صحت سے متعلق منصوبے (سی جی ایچ ایس )میں ڈاکٹروں اور ادویات کی کوئی کمی نہیں ہے اور یہ سینٹر اپنا کام بخوبی انجام دے رہے ہیں۔ڈاکٹر ہرش وردھن نے لوک سبھا میں وقفہ سوال میں بی جے پی رکن سنگیتا کماری سنگھ دیو کے ایک سوال کے جواب میں یہ بات بتائی ۔