عہدیدار تساہل سے کام نہ لیں ، وزیرفینانس ٹی ہریش راؤ کی ٹیلی کانفرنس
حیدرآباد۔کورونا مریضوں کی جلد نشاندہی اور معائنوں کے علاوہ بنیادی کنٹاکٹ تک رسائی کے ذریعہ ان کے علاج کو یقینی بنایا جائے اور ابتدائی سطح پر ہی علاج کے دوران توثیق کرکے مریض کی زندگی کو بچانے کے اقدامات کئے جائیں۔ ریاستی وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ نے اضلاع میں تیزی سے بڑھ رہی کورونا مریضوں کی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عہدیداروں سے ٹیلی کانفرنس کے دوران یہ ہدایات جاری کی۔ انہو ںنے محکمہ صحت کے علاوہ ضلع کلکٹرس اور بلدیات کے عہدیداروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ کورونا مریضوں کی شناخت اور ان کے علاج کے ذریعہ وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت سے معائنہ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور تعداد میں اضافہ کیا جا رہاہے ایسے میں عہدیداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام میں شعور اجاگر کرکے ان کے معائنوں کو یقینی بنائیں ۔ وزیر فینانس نے اضلاع کی صورتحال کی تفصیلات حاصل کرکے اضلاع اور دیہی علاقو ںمیں کورونا مریضوں کی عاجلانہ نشاندہی پر توجہ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی مرحلہ میں کورونا کا شکار افراد کی نشاندہی کی صورت میں انہیں کئی مسائل سے نجات مل سکتی ہے اور کورونا ان کیلئے جان لیوا ثابت نہیں ہوگا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ جس وقت مریض کی نشاندہی کر لی جائے تو فوری اسے قرنطینہ میں رکھتے ہوئے علاج کے اقدامات کئے جائیں اور اسے دوسروں سے الگ تھلگ کردیا جائے تاکہ کورونا کو پھیلنے سے روکنے کے علاوہ مریض کو بروقت علاج فراہم کیا جاسکے ۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت کی جانب سے کورونا مریضوں کیلئے تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ عہدیداروں کو کسی کوتاہی کے بغیر کورونا مریضوں کے علاج و معالجہ کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ ابتدائی مرحلہ میں نشاندہی کی صورت میں دواخانوں میں بستروں کی کمی بھی نہیں رہے گی اور گھر پر قرنطینہ میںمریض کو بہتر علاج کی فراہمی ممکن ہے۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری و خانگی دواخانوں میں بستروں کی کمی نہیں ہے اور نہ عملہ کی قلت ہے لیکن اگر عہدیدار مستعدی کا مظاہرہ کرکے ابتدائی مرحلہ میں مریضوں کی نشاندہی کریں اور علاج کیا جائے تو جس طرح دیگر بیماریوں کا علاج ہو رہا ہے اسی طرح ابتدائی دنوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کو صحت یاب کیا جاسکتا ہے۔