کورونا کا فوری خاتمہ ناممکن مزید ویرینٹس آئیں گے، عالمی ادارہ صحت

   

جنیوا ۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ یہ سمجھنا غلط ہے کہ دنیا سے کورونا کی وبا کا خاتمہ ہوگیا۔ابھی مزید قسمیں آئیں گی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی چیف سائنسدان سومیا سوامی ناتھن کے مطابق یہ کہنا غلط ہے کہ وبا ختم ہو چکی، کورونا کا فوری ختم ہونا ناممکن ہے۔چیف سائنسداں نے جنوبی افریقہ میں کورونا ویکسین کی تیاریوں کی سہولیات کا جائزہ لیتے وقت صحافیوں کے سوالوں کے جوابات کے دوران خبردار کیا کہ ابھی کورونا کی مزید قسمیں آئیں گی۔ سومیا سوامی ناتھن کا کہنا تھا کہ ابھی دنیا سے نہ تو وبا ختم ہوئی ہے اور نہ ہی فوری طور پر اس کا خاتمہ ممکن ہے۔ان کے مطابق سائنسدانوں اور ماہرین نے وبا کو تغیر پذیر اور اس کی دیگر قسموں کا ارتقا دیکھا ہے، جس سے اشارہ ملتا ہے کہ اس کی مزید قسمیں آئیں گی۔انہوں نے کورونا کے خاتمہ کو خام خیالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو نئے ویرینٹس کے لیے تیار رہنا چاہیے۔