کورونا کا قہر جاری، 24 گھنٹوں میں نئے کیسز 11 ہزار سے تجاوز، فعال مریض 50 ہزار کے قریب

   

نئی دہلی:ملک میں کورونا وائرس کا انفیکشن مسلسل پھیل رہا ہے اور اس کی رفتار نے ایک بار پھر سب کو خوفزدہ کر دیا ہے۔ اب ہندوستان میں ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے 10 ہزار سے زیادہ نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ وزارت صحت کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 ہزار سے زائد نئے کیسز درج کیے گئے ہیں، جو کل یعنی جمعرات کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہے۔وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کی صبح جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کل گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے 11109 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 49 ہزار سے تجاوز کر کے 49 ہزار 622 تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 29 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ دہلی اور راجستھان میں تین تین مریضوں کی موت کے بعد، چھتیس گڑھ اور پنجاب میں دو دو اور ہماچل پردیش، کرناٹک، کیرالہ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، اڈیشہ، پڈوچیری، تمل ناڈو، اتراکھنڈ اور اتر پردیش میں ایک ایک مریض کی موت ہوئی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس کے انفیکشن سے جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 5,31,064 ہوگئی۔