کورونا کا قہر: عالمی سطح پر ایک ہی دن میں ایک لاکھ سے زائد افراد کورونامثبت

,

   

متاثرین کی تعداد 5ملین سے تجاوز ، مہلک وباء نے 3لاکھ سے زائد زندگیوںکاخاتمہ کردیا، امریکہ بدستور سرفہرست

جینیوا ۔21 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام )عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی کی نشان دہی کرتے ہوئے دنیا میں ایک دن میں سب سے زیادہ افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ادارے کے مطابق نئے کیس سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں وائرس سے اب تک متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 50 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔بین الاقوامی ادارہ صحت نے چہارشنبہ کو ایک بیان میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران دنیا کے مختلف ملکوں میں وائرس کے ایک لاکھ چھ ہزار سے زائد نئے کیس رپورٹ ہوئے۔چین میں دسمبر 2019 میں کرونا وائرس سامنے آنے کے بعد سے ایک دن میں وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔ وائرس سے دنیا بھر میں اب تک تین لاکھ 26 ہزار سے زائد افراد کی جان جا چکی ہے جن میں سے نصف سے زائد ہلاکتیں یورپ میں ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق،کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 27 لاکھ 35 ہزار 998 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 45 ہزار 799 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 22 لاکھ 24 ہزار 208 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔

امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 94 ہزار 941 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 93 ہزار 39 ہو چکی ہے۔امریکا کے اسپتالوں میں 11 لاکھ 27 ہزار 286 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 17 ہزار 815 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 70 ہزار 812 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 2 ہزار 972ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار 705 ہو چکی ہے۔برازیل میں کورونا وائرس 18 ہزار 894 زندگیاں نگل چکا ہے جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 93 ہزار 357 تک جا پہنچی ہے۔اسپین میں کورونا کے اب تک 2 لاکھ 79 ہزار 524 مصدقہ متاثرین سامنے ا?ئے ہیں جب کہ اس وباء سے اموات 27 ہزار 888 ہو چکی ہیں۔برطانیہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 35 ہزار 704 ہوگئی جبکہ کورونا کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 48 ہزار 293 ہو گئی۔اٹلی میں کورونا وائرس کی وباء￿ سے مجموعی اموات 32 ہزار 330 ہو چکی ہیں، جہاں اس وائرس کے اب تک کل کیسز 2 لاکھ 27 ہزار 364 رپورٹ ہوئے ہیں۔فرانس میں کورونا وائرس کے باعث مجموعی ہلاکتیں 28 ہزار 132 ہوگئیں جبکہ کورونا کیسز 1 لاکھ 81 ہزار 575 ہو گئے۔