کورونا کا قہر ‘کورنٹائن سنٹرس دوبارہ قائم کرنے حکومت کا غور

,

   

کلکٹر کا نیچر کیور ایورویدا ہاسپٹل کا معائنہ ‘ بغیرضرورت گھروں سے نہ نکلنے وزیر صحت کا مشورہ

حیدرآباد : تلنگانہ میں کورونا کیسس میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے جس پر حکومت متحرک ہوگئی ہے اور کورنٹائن مراکز کا دوبارہ آغاز کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ عوام کو ضرورت پڑنے پر ہی گھروں سے نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے ڈی ایم ای رمیش ریڈی ہیلت سکریٹری رضوی کے علاوہ محکمہ صحت کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے تلنگانہ میں کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ کا جائزہ لیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کو کبھی ہلکے میں نہیں لیا ہے ۔ بلکہ وباء پر قابو پانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے ہیں جس کے سبب دوسری ریاستوں کے بہ نسبت تلنگانہ میں کورونا کنٹرول میں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ لوگ جتنا جلدی کورونا ٹیکہ لینے میں تعاون کریں گے اتنی ہی جلدی وباء پر قابو پایا جائے گا ۔ وزیر صحت نے کہا کہ صرف عمر رسیدہ لوگوں کو کچھ مسائل ہیں جبکہ دوسرے افراد پوری طرح صحتمند ہیں ۔ انہوں نے عوام کو افواہوں پر توجہ نہ دینے کا مشورہ دیا ہے ۔ ریاست میں بڑھتے ہوئے متاثرین کی تعداد کو دیکھتے ہوئے دوبارہ کورنٹائن مراکز کا آغاز کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ کلکٹر حیدرآباد شیویتا موہنتی نے اس سلسلہ میں نیچر کیور گورنمنٹ ایورویدا ہاسپٹل کا معائنہ کیا اور وہاں کورنٹائن سنٹر کیلئے سہولتوں کا جائزہ لیا۔
ہے ۔ گزشتہ سال ڈسمبر 2020 ء تک وہاں آئسولیشن سنٹر کارکرد تھا ۔

کورونا کا اثر کم ہونے پر اس کو برخواست کردیا گیا تھا ۔ کورونا کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے اس کورنٹائن سنٹر کا دوبارہ آغاز کرنے کیلئے سپرنٹنڈنٹ ہاسپٹل کے علاوہ دوسرے طبی عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ مہاراشٹرا میں کورونا کا قہر جاری ہے جس کے پیش نظر عوام کو بہت زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے ۔ دیہی علاقوں میں بھی کورونا کے ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے ضرورت ہو تو ہی عوام کو گھروں سے باہر نکلنے ورنہ گھروں میں رہنے کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا اور ساتھ ہی 45 سال عمر مکمل کرنے والے تمام افراد کو کورونا ٹیکہ لینے کی ہدایت دی ۔