کولکاتہ ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج واضح کیا کہ ریاست میں کورونا کے پھیلاو پر قابو پانے سخت ترین اقدامات کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مکمل لاک ڈاون نافذ کیا جاتا ہے تو اس سے عوام کی گذر بسر مشکل ہوجائے گی ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ریاست میں سب کیلئے مفت ٹیکہ اندازی کو یقینی بنائے ۔ چیف منسٹر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سخت ترین اقدامات کئے ہیں۔ اگر مکمل لاک ڈاون نافذ کیا جاتا ہے تو عوام کی گذر بسر مشکل ہوجائے گی ۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ ان کی حکومت نے مرکزی حکومت سے مغربی بنگال کیلئے کورونا ویکسین کی تین کروڑ خوارکیں فراہم کرنے کو کہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک کروڑ خوارکیں خانگی دواخانوں کو دی جائںے گی ۔ یہ ادعا کرتے ہوئے کہ ریاست میں امن ہے چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت انتخابات کے بعد تشدد کے فرضی ویڈیوز پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی بھی کرے گی ۔ آج ممتابنرجی کی نئی کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا ۔ کابینی اجلاس کے بعد چیف منسٹر نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا ۔