حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا وائرس کا پہلا ٹیکہ گاندھی ہاسپٹل کی نرس کو دیا جائے گا!محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ریاست تلنگانہ میں جب ٹیکہ اندازی کاعمل شروع ہوگا تو کورونا وائرس وباء کے دوران نرسوں کی خدمات کے اعتراف کرتے ہوئے ٹیکہ اندازی کا عمل ان سے ہی کیا جائے گا۔بتایاجاتا ہے کہ آئندہ دو یا تین یوم میں کورونا وائرس وباء سے نمٹنے کے لئے تیار کیا گیا ٹیکہ منظر عام پر آجائے گا اور اسی کی سربراہی کا عمل بھی شروع کردیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے حکومت کو روانہ کردہ تجویز میں کورونا وائرس کے ٹیکہ کے آغاز کے سلسلہ میں کہا گیا ہے کہ نرس کو ٹیکہ اندازی کے ذریعہ ان کی خدمات کے اعتراف کو یقینی بنایا جائے کیونکہ نرسوں نے کورونا وائرس وباء کے دوران ڈاکٹرس کے ساتھ بلکہ ان سے زیادہ خدمات انجام دی ہیں ۔محکمہ صحت کی جانب سے روانہ کردہ تجویز کو ابھی ریاستی حکومت کی جانب سے منظوری نہیں دی گئی ہے لیکن کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اسی تجویز کو قطعیت دیتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں پہلے مرحلہ میں نرسوں کو ٹیکہ اندازی یقینی بنائی جائے گی۔
