ہائی کورٹ کا حکم ، ریلوے اور بس ڈپو پر اسکریننگ
حیدرآباد۔5مارچ(سیاست نیوز) ریاست میں کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے مفت ماسک کی تقسیم کی جائے اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے حکومت کو ہدایت جاری کرتے ہوئے عہدیداروں پر سخت برہمی کا اظہار کیا اوراستفسار کیا کہ ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کے عہدیداروں کی جانب سے اس وبائی مرض کو روکنے کے لئے کیا اقدامات کئے گئے ہیں!چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس رگھویندرسنگھ چوہان نے مفاد عامہ کے تحت داخل کی گئی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ریاست میں مفت ماسک کی تقسیم کے علاوہ وبائی امراض سے بچاؤ اور علاج کے مفت ادویات کی فراہمی کے بھی اقدامات کئے جائیں۔ انہو ںنے حکومت کو ہدایت دی کہ تمام بس اور ریلوے اسٹیشنوں میں اسکریننگ کے انتظامات یقینی بنائیں جائیں تاکہ عوام کے درمیان کوئی متاثرہ شخص ہوتو اس کی فوری نشاندہی کے ذریعہ علاج کو ممکن بنایا جاسکے ۔ تلنگانہ ہائی کورٹ میں مقدمہ کی سماعت کے دوران حکومت کی جانب سے موجود وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ریاستی حکومت نے کیرالہ کو 10 رکنی طبی ماہرین کی ٹیم روانہ کی ہے تاکہ کیرالہ میں جس طرح سے کورونا وائرس پر قابو پایا گیا ہے اس کا مطالعہ کرتے ہوئے ریاست میں بھی ان اقدامات کو یقینی بنایاجائے۔ چیف جسٹس نے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو غیر اطمینان بخش قراردیتے ہوئے کہا کہ عدالت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل آوری کو فوری یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے مقدمہ کی آئندہ سماعت 12 مارچ کو مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ۔
