یومیہ متاثرین کی تعداد 28 ہزار سے زیادہ ۔ ہندوستان متاثرہ ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر۔ کانگریس قائد کا طنز
نئی دہلی : کانگریس قائد راہول گاندھی نے ملک میں کورونا وائرس کے خلاف حکومت کی لڑائی کے بہتر موقف میں ہونے پر سوال اُٹھائے۔ کل مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کی وباء کے خلاف جنگ میں ہندوستان بہتر موقف میں ہے اور ملک اِس کے خلاف پورے عزم، جوش اور جذبے کے ساتھ لڑائی کرے گا۔ راہول گاندھی نے اپنے ٹوئیٹ میں ایک گراف بھی پوسٹ کیا جس میں ہندوستان میں روزانہ کورونا وائرس کے مریضوں کی اوسط تعداد کو دکھایا گیا ہے جس میں دوسرے ممالک جیسے جنوبی کوریا اور نیوزی لینڈ کے مقابل مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ ان ممالک میں کورونا وائرس کے کیسیس میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے۔ راہول گاندھی نے مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق بتایا کہ ہندوستان میں 24 گھنٹوں میں 28 ہزار سے زیادہ کیسیس درج کئے جارہے ہیں۔ اس طرح پیر کی صبح تک ان کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 78 ہزار 254 ہوگئی ہے۔ مرنے والوں کی تعداد 23,174 ہوگئی جہاں اِس وباء سے 500 افراد آج فوت ہوگئے۔ کانگریس قائد نے حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کے طریقہ کار پر تنقید کی۔ امیت شاہ نے کل سنٹرل آرمڈ پولیس فورس کے میگا شجرکاری پروگرام میں حصہ لینے کے بعد ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہندوستان کورونا وائرس کی وباء کے خلاف جنگ میں اچھے موقف میں ہے اور دنیا ہندوستان کے اقدامات کی ستائش کررہی ہے۔ اِس بات کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ ہندوستان جیسے بڑے ملک میں اِس چیلنج کا کس طرح سامنا کیا جائے گا جہاں کی آبادی 130 کروڑ سے زیادہ ہے۔ امیت شاہ کے اِس دعوے کے خلاف ہندوستان کورونا وائرس سے متاثرہ دنیا کے ممالک میں امریکہ اور برازیل کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔