کورونا کیخلاف متحدہ جدوجہد کرنے تمام ممالک پر زور

,

   

وزیراعظم برطانیہ بورس جانسن کا بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب

لندن 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے مہلک کورونا وائرس وباء کے خطرہ کے پیش نظر دنیا کے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ اِس کے خلاف متحدہ جدوجہد کریں۔ برطانیہ اور دیگر 8 ممالک کی جانب سے کورونا وائرس گلوبل ریسپانس انٹرنیشنل پلیجنگ کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اِن ممالک میں کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، ناروے اور سعودی عرب شامل ہیں۔ یوروپین کمیشن بھی کانفرنس میں شامل تھا۔ بورس جانسن نے بتایا کہ کورونا وائرس کے لئے ویکسن کی تحقیق، ٹسٹ اور علاج کے حصہ کے طور پر برطانیہ نے 388 ملین پاؤنڈس کی امداد کا عہد کیا ہے۔ جبکہ برطانیہ نے کورونا وائرس کی وباء کے خاتمہ اور عالمی معیشت کے احیاء میں مدد کے لئے برطانیہ کی جانب سے 744 ملین پاؤنڈ کی امداد کا عہد کیا ہے۔ وزیراعظم برطانیہ نے کہاکہ اِس وائرس کے خلاف انسانیت کی بقاء کے لئے تمام کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے اور یہ اُسی وقت ممکن ہوسکتا ہے جب بڑے پیمانے پر کورونا وائرس کے علاج کے لئے ویکسن تیار کیا جائے۔ تمام ممالک مل کر کام کرنے اور اپنے تجربات سے ایک دوسرے کو واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس بیماری کے خلاف ویکسن کی تحقیق ممالک کے درمیان مسابقت نہیں ہے بلکہ فوری طور پر ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس وائرس کے خلاف انسانیت کی بقاء کا مسئلہ ہے اور ہم سب کو متحدہ جدوجہد کرنا چاہئے۔