کورونا کیسز میں اضافہ ماسکو11 دن کیلئے بند

   

ماسکو:کورونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافے کے بعد روس کے دارالحکومت ماسکو کو گیارہ دن کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ میڈیا کے مطابق ماسکو میں تمام غیر ضروری سروسز جمعرات سے سات نومبر تک کے لیے معطل کر دی گئی ہیں۔ماسکو میں جمعرات کو ایک دن کے اندر ایک ہزار 159 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ چالیس ہزار 96 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔گیارہ دنوں کے دوران صرف کھانے پینے، ادویات اور دیگر اشیا ضرورت کی دکانیں کھلی رہیں گی جبکہ ہوٹلوں میں بیٹھنے کے بجائے کھانا خرید کر لے جایا جا سکتا ہے۔
صدر ولادیمیر پوتن کی حکومت کو امید تھی کہ روس کی بنائی گئی سپتنک ویکسین کورونا کے خلاف کار آمد ثابت ہوگی، لیکن روسی عوام ویکسین لگوانے کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔جمعرات تک کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو صرف روس کی 32 فیصد آبادی کو مکمل ویکسین لگ چکی ہے۔گیارہ دنوں کی بندش کے دوران حکومت نے شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کا پابند نہیں کیا ہے بلکہ اکثریت اس دوران اندرون یا بیرون ملک سفر کا ارادہ رکھتے ہیں۔ عہدیداروں کے مطابق بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کے پیش نظر روسی فوج ماسکو کے علاقے میں کورونا مریضوں کے لیے عارضی ہسپتال قائم کرے گی۔