حیدرآباد 25جو لائی (سیاست نیوز ) گاندھی ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجا راو نے دعوی کیا کہ کورونا پازیٹیو کیسوں میں پھر اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ روزانہ ہاسپٹل میں کورونا کے 45افراد داخل کئے جارہے ہیں۔ایسے میں عوام کو چاہئے کہ وہ لاپرواہی سے کام نہ لیں۔انہوں نے کہا کہ ابتدا میں 30تا40افراد داخل کئے جارہے تھے تاہم تقریبا 45 افراد داخل کئے گئے ۔ علاج اور صحت یابی کیلئے دو تاتین ہفتے درکار ہونگے۔کورونا کیسوںمیں اضافہ ہورہا ہے ،ایسے میں احتیاط ضروری ہے ۔ کورونا کیسوں میں کمی حالیہ عرصہ میں ہوئی تھی تاہم اب اضافہ ہورہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز 25 افراد کو صحتیاب ہونے پر ڈسچارج کیا گیا ۔ جتنے افراد کو ڈسچارج کیاجارہا ہے ، اس سے دوگنی تعداد میں مریض داخل کئے جارہے ہیں۔ اصولا تو ڈسچارج ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہونا چاہئے تھا تاہم اس کے بجائے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جو اچھی علامت نہیں ہے ۔گاندھی ہاسپٹل میں فی الحال تقریبا 400افراد کورونا سے متاثر ہیں جن کا علاج کیاجارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام اضلاع سے کورونا متاثرین یہاں رجوع ہورہے ہیں تاہم زیادہ ترمعاملات کھمم اور نلگنڈہ کے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھمم کے زیادہ تر کیس بلیک فنگس کے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہجوم سے اس مرض کے پھیلنے کے زیادہ امکانات ہیں چاہے وہ انتخابات ہوں یا تہوار ۔
