کورونا کیسوں میں اضافہ پر وزیر صحت کا عہدیداروں سے تبادلہ خیال

   

حیدرآباد: وزیر صحت ای راجندر نے کہا کہ کورونا کیسوں میں اضافہ سے متعلق محکمہ صحت کی رپورٹ کی بنیاد پر حکومت آئندہ کا لائحہ عمل طئے کرے گی۔ اسمبلی میں آج کئی ارکان نے وزیر صحت سے ملاقات کرکے کیسوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کیسوں پر قابو پانے حکومت کے اقدامات پر استفسار کیا۔ وزیر صحت نے سکریٹری ہیلت رضوی ، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن رمیش ریڈی ، ڈائرکٹر پبلک ہیلت سرینواس اور خانگی دواخانوں کی اسوسی ایشن کے نمائندوں سے فون پر بات کی ۔ انہیں بتایا گیا کہ گزشتہ چند دنوں سے تلنگانہ میں کیسوں میں اضافہ ہوا ۔ وزیر صحت کو اطلاع دی گئی کہ دواخانوں میں ان پیشنٹوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ وزیر صحت نے تمام دواخانوں میں علاج کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے اور محکمہ صحت کو چوکسی کا ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ٹسٹنگ میں اضافہ کیا جائے اور پازیٹیو افراد کی صحت پر نظر رکھی جائے۔