مہاراشٹرا میں حالات انتہائی تشویشناک، ناگپور کے بعد ناندیڑ اور بیڑ میں مکمل لاک ڈاؤن
lچیف منسٹر ادھو ٹھاکرے کے گھر میں
ماں، بیوی اور بیٹا کورونا کی زد میں
نئی دہلی : ہندوستان میں کورونا کیسوں میں ایک بار پھر تیزی میں اضافہ ہورہا ہے۔ مہاراشٹرا میں حالات انتہائی نازک ہے۔ ناگپور کے بعد ناندیڑ اور دیگر اضلاع میں بھی مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ناگپور میں 31 مارچ تک لاک ڈاؤن رہے گا۔ آج رات 12 بجے سے ہی لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔ ہاسپٹلس میں مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ مہاراشٹرا میں کورونا کیسوں میں اضافہ کے بعد چیف منسٹر ادھوٹھاکرے کے گھر میں کئی لوگ کورونا پازیٹیو ہوچکے ہیں۔ ادھوٹھاکرے کی ماں، ان کی بیوی اور بیٹے ادتیہ ٹھاکرے بھی کورونا کی زد میں آچکے ہیں۔ بالی ووڈ کے مشہور اداکار عامرخان کا بھی کورونا ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا ہے، جنہوں نے دو دن پہلے ہی ادھوٹھاکرے سے ملاقات کی تھی۔ اس سے پتہ چلتا ہیکہ ممبئی میں بھی کورونا کیس تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ گزشتہ چند دنوں میں رنبیرکپور، کارتک آرین اور منوج باجپائی جیسے کئی بڑے اسٹار بھی کورونا سے متاثر ہیں۔ عامرخان کا کوویڈ ٹسٹ پازیٹیو آنے کے بعد وہ گھر پر ہی کورنٹائن ہوئے ہیں۔ ناندیڑ اور بیڑ میں ضروری اشیاء کی دکانات کو صبح 7 بجے سے دوپہر 12 بجے تک کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مہاراشٹرا کے علاوہ پنجاب میں بھی کورونا کیسیس میں اضافہ ہورہا ہے جو تشویشناک بات ہے۔ مہاراشٹرا، کیرالا، پنجاب، کرناٹک، ٹاملناڈو ، مدھیہ پردیش، دہلی ، اترپردیش اور آندھراپردیش کے بشمول 18 ریاستوں میں کورونا کے کیسوں میں تیزی سے اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکام نے احتیاطی تدابیر کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے کوویڈ کی نئی لہر کا پتہ چلنے کے بعد عوام کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا ہے۔