کورونا کیسیس میں زبردست اضافہ ۔ ایک دن میں 79 نئے پازیٹیو کیس

   

تمام مریضوں کا گریٹر حیدرآباد کے حدود سے تعلق ۔ 50 افراد ڈسچارج ۔ عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل

حیدرآباد 11 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ میں کورونا وائرس کے کیسیس میں اچانک تیزی کے ساتھ اضافہ ہونے لگا ہے اور آج ایک دن میں کورونا کے 79 پازیٹیو کیس سامنے آئے ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے یہ تمام کیسیس گریٹر حیدرآباد کے حدود سے تعلق رکھتے ہیں۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج ایک دن میں جملہ 50 افراد کو علاج اور صحتیابی کے بعد گھروں کو بھیج دیا گیا ہے ۔ اس طرح اب تک ریاست میں ڈسچارج کئے گئے افراد کی تعداد 801 ہوگئی ہے ۔ اب تک ریاست میں 1275 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کی وجہ سے ایک بھی موت واقع نہیں ہوئی ہے اور اب بھی ریاست میں اس وائرس کی وجہ سے فوت ہونے والوں کی تعداد 30 برقرار ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ریاست کے تین اضلاع ورنگل رورل ‘ یادادری اور ونپرتی میں کورونا کا اب تک ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے جبکہ 26 اضلاع ایسے ہیں جن میں گذشتہ 14 دن کے دوران کورونا کا کوئی تازہ کیس سامنے نہیں آیا ہے ۔ آج جو 50 افراد ڈسچارج کئے گئے ہیں ان میں 42 کا تعلق حیدرآباد سے ہے جبکہ سوریہ پیٹ سے تعلق رکھنے والے چار افراد بھی ڈسچارج کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ نرمل ‘ آصف آباد ‘ میڑچل اور کریمنگر سے تعلق رکھنے والے ایک ایک مریض کو بھی صحتیابی کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے ۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے عوام کو اگر کورونا سے متعلق کوئی اطلاعات درکار ہیں تو وہ 104 فون نمبر پر کال کرسکتے ہیں۔ اسی طرح اگر کسی کو امراض ذہنی کے علاج یا کونسلنگ کی ضرورت ہو تو نمبر 108 پر کال کیا جاسکتا ہے ۔ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سماجی دوریاں بنانے پر خاص توجہ دیں اور ایک دوسرے سے کم از کم چھ فیٹ کے فاصلے پر رہیں۔ انجان افراد کے قریب جانے سے گریز کریںاور مارکٹوں ‘ کام کے مقامات یا پھر سفر کے دوران بھی دوسروں سے فاصلہ بنائے رکھنے کو ترجیح دیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ چہرے پر ماسک لگائے رکھیں کیونکہ انفیکشن کے خلاف پہلا دفاع ہوسکتا ہے ۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر ان میں فلو یا انفلوئنزا کی شکایات ہوں جیسے کھانسی ‘ سردی ‘ گلے میں خراش ‘ ناک بہنے ‘ بخار وغیرہ کی شکایت ہو یا پھر انہیں سانس لینے میں تکلیف محسوس ہو تو وہ قریبی سرکاری دواخانہ سے رجوع کریں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی شکایات کے تعلق سے اطلاع دینے خود آگے آئیں اور کسی طرح کے پس و پیش کا شکار نہ بنیں۔ عوام سے یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ گھروں میں رہتے ہوئے اس وائرس سے بڑ؁ حد تک بچنے میں مدد مل سکتی ہے ۔