وائرس کی دوا ملنے تک احتیاط ضروری، ریاستی وزیر نے اناج تقسیم کیا
حیدرآباد ۔20۔ مئی(سیاست نیوز) ریاستی وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے کہا کہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کی سرپرستی اور دعاؤں کے نتیجہ میں مسلسل کامیابی حاصل کر رہے ہیں ۔ عید الفطر کے موقع پر وزیر پنچایت راج نے جنگاؤں ضلع میں مسلم خاندانوں میں غذائی اجناس اور دیگر ضروری سامان پر مشتمل کٹس کی تقسیم عمل میں لائی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دیاکر راؤ نے کہا کہ تمام مذاہب کا احترام کیا جانا چاہئے ۔ مسلمانوں کو دشمن کی طرح ہرگز نہ دیکھا جائے اور ان سے نفرت اور تعصب کا اظہار غلط ہے۔ ریاستی وزیر نے کورونا کے پھیلاؤ کے لئے مسلمانوں کو ذمہ دار قرار دینے کی کوششوں کی مذمت کی اور کہا کہ کورونا کیلئے ملک کے مسلمان ہرگز ذمہ دار نہیں ہیں۔ وزیر پنچایت راج کی جانب سے محبوب آباد اور جنگاؤں ضلع میں مسلم خاندانوں میں غذائی اجناس رمضان گفٹ کے طورپر تقسیم کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا کی صورتحال قابو میں ہے اور حکومت کی جانب سے کئے گئے احتیاطی اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر کے اس بیان کی تائید کی کہ عوام کو کورونا کے ساتھ جینے کا ہنر سیکھ لینا چاہئے ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ ویکسن یا دوائی کی ایجاد تک کورونا کی موجودہ صورتحال برقرار رہے گی ۔ کورونا لاک ڈاؤن کے سبب پریشان حال غریبوںکی ہر کسی کو مدد کرنی چاہئے ۔