آشا ورکرس اور ہیلت ورکرس کی ستائش : ایٹالہ راجندر
حیدرآباد : وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے آج کہا کہ کورونا بحران کے دوران عوام کی خدمت انجام دینا ایک بڑا کام ہے ۔ انہوں نے آشا ورکرس اور اے این ایم ہیلت اسٹاف کی ستائش کی جو دیہی علاقوں میں کورونا سے متاثر عوام کی بہتر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ یہ ہیلت اسٹاف کی بہتر کارکردگی ہے جس کے نتیجہ میں گاؤں اور دیہی علاقوں میں کورونا مریضوں کی ابتدائی مراحل میں شناخت ہورہی ہے جس سے ان کا بروقت علاج بھی ممکن ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی مراحل میں کورونا مریضوں کی شناخت ہوجائے تو ان کے علاج میں آسانی ہوسکتی ہے ۔ وزیر صحت نے 22 ہزار آشا ورکرس اور 500 اے این ایم ہیلت ورکرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی اور ان کی تنخواہوں میں اضافہ کا وعدہ کیا ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ کورونا معائنوں کیلئے خانگی دواخانوں سے رجوع ہوکر رقومات ضائع نہ کریں ۔ سرکاری دواخانوں میں نہ صرف کورونا کا معائنہ مفت ہورہا ہے بلکہ علاج بھی مفت کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہیلت اسٹاف کی جانب سے کورونا متاثرین کی بہتر خدمات انجام دی جارہی ہے ۔