کورونا کی اموات ، چار خواتین کی مثالی خدمات

   

تاحال 22 افراد کی آخری رسومات ، بیٹوں کے لیے تقلید کی دعوت
حیدرآباد :۔ ضلع کھمم میں کورونا سے فوت ہونے والوں کی آخری رسومات انجام دینے سے بیٹے اور خونی رشتے دوری اختیار کرنے پر چار خواتین آخری رسومات کے لیے مفت خدمات انجام دے رہی ہیں ۔ انہوں نے تاحال 22 کورونا سے مرنے والوں کی آخری رسومات انجام دیں ہیں ۔ ہندو رسم و رواج کے مطابق ماں باپ کی چتا کو بیٹے آگ لگاتے ہیں مگر کورونا کے خوف نے خونی رشتوں کو بھی اپنوں سے دور کردیا ہے ۔ ایسے غریب عوام جو کورونا سے فوت ہوگئے ہیں ان کی آخری رسومات انجام دینے کے لیے چار خواتین آگے آئی ہیں اور مفت خدمات انجام دے رہی ہیں ۔ ان خواتین میں شیخ مونیکا اسکول میں ڈانسر ٹیچر ، کے ستیا ایک گھریلو خاتون ، کے سجنا ایک آر ایم پی ڈاکٹر ، ایم ورا لکشمی یومیہ اجرت پر کام کرنے والی مزدور ہیں اور چاروں اچھے دوست ہیں ۔ کورونا سے فوت ہونے والے ماں باپ کو بیٹوں کی جانب سے نظر انداز کرنے اور ان کے قریب جانے سے ڈرنے پر ان چار خواتین آخری رسومات کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ لوگ انہیں فون کرتے ہیں اور وہ بے خوف پہونچ کر آخری رسومات انجام دیتی ہیں ۔ ان کی مدد کرنا تو دور لوگ ان سے ملاقات کرنے سے بھی گھبرا رہے ہیں ۔ یہاں تک انہیں پانی پلانے سے بھی انکار کررہے ہیں ۔ ان خواتین نے کہا کہ ان کے بھی گھر دار ہیں ۔ ان کے گھروں میں بچے بوڑھے سبھی رہتے ہیں ۔ پھر بھی وہ تمام حفاظتی اقدامات پی پی ای کٹس ، ڈبل ماسکس اور گلوز پہن کر آخری رسومات انجام دے رہی ہیں تو جن کے والدین کا انتقال ہورہا ہے ۔ وہ اپنے والدین کا احترام کے ساتھ آخری رسومات انجام دینے سے کیوں انکار کررہے ہیں ۔ انہیں اپنی ذمہ داری سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ ایسا کرنے سے ان کے اپنوں کی روح کو سکون ملے گا اور ان کی ذمہ داریاں بھی پوری ہوں گی ۔۔

حیدرآباد میں فیور سروے جاری
حیدرآباد ۔ شہر حیدرآباد میں فیور سروے بڑے پیمانہ پر جاری ہے ۔اس سروے میں کورونا کی علامات والے افراد کی نشاندہی کا کام کیاجارہا ہے ۔ان میں زیادہ تر سردی،بخار اور کھانسی کی علامات والے افراد زیادہ ہیں۔گذشتہ 12دنوں سے شہر میں یہ سروے کیاجارہا ہے ۔اب تک 2,37,556 افراد کے بخار سے متاثر ہونے کا پتہ چلا ہے ۔عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔اس سروے کے دوران مختلف علامات والے افراد کو دوائیں دی جارہی ہیں۔اس سروے میں آشاورکرس کے ساتھ ساتھ نگہداشت صحت کے اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔