کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے حکمت عملی تیار کرنے ہائی کورٹ کی ہدایت

   

Ferty9 Clinic

گنیش اتسو تقاریب میں کووڈ قواعد کی پابندی ضروری، حکومت سے رپورٹ طلب
حیدرآباد۔11 ۔اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے گنیش اتسو تقاریب کے موقع پر عوام کے ہجوم کی شکل میں جمع ہونے کو روکنے کیلئے اقدامات کرنے حکومت کو ہدایت دی۔ تلنگانہ میں کورونا کی صورتحال پر چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے سماعت کی۔ عدالت نے کہا کہ گنیش اتسو تقاریب میں کووڈ قواعد کی پابندی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ عدالت نے کورونا پر قابو پانے کیلئے حکومت کو مختلف تجاویز پیش کیں۔ عدالت نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران جس طرح احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں ، ان کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کیا جائے کیونکہ ماہرین نے تیسری لہر کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ چیف جسٹس نے کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیار کرنے حکومت کو ہدایت دی ۔ عدالت نے کہا کہ جس طرح دیگر ریاستوں نے احتیاطی اقدامات کئے ہیں، ان سے مدد حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ میں بھی حکمت عملی تیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ٹسٹ ، علاج اور ٹیکہ اندازی کے بارے میں عہدیداروں کو روڈ میاپ تیار کرنا چاہئے ۔ عدالت نے کورونا کی روک تھام کیلئے قائم کردہ کمیٹی کے اجلاس کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 8 ستمبر کو مقرر کی گئی۔