کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے ہائی کورٹ کو مداخلت کرنی پڑیگی

   

کارگزار چیف جسٹس کی حکومت پر برہمی، 22 ستمبر تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

حیدرآباد۔15 ۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے کورونا کی امکانی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے حکومت کی جانب سے تیار کردہ حکمت عملی کی تفصیلات عدالت میں پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ اگر حکومت امکانی لہر سے نمٹنے کیلئے اقدامات نہ کرے تو ہائی کورٹ مداخلت کرے گا۔ کارگزار چیف جسٹس ایم ایس رام چندر راؤ اور جسٹس پی ونود کمار پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے ریاست میں کورونا کی صورتحال پر داخل کردہ مفاد عامہ کی درخواستوں کی سماعت کی ۔ عدالت نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی کشادگی کے سبب طلبہ میں کورونا وباء کو پھیلنے سے روکنے کیلئے حکومت کو سخت چوکسی اختیار کرتے ہوئے باقاعدہ حکمت عملی تیارکرنی چاہئے ۔ عدالت نے کہا کہ بچوں کو کورونا سے بچانے کیلئے حکومت توجہ دے کیونکہ امکانی تیسری لہر میں بچوں کے متاثر ہونے کے اندیشے ظاہر کئے جارہے ہیں۔ عدالت نے ضلع واری سطح پر اسکولی بچوں کو کورونا سے محفوظ رکھنے کیلئے منصوبہ بندی کی ہدایت دی۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے عدالت کو بتایا کہ 15 جولائی کو ماہرین کی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا اور کمیٹی نے کورونا سے نمٹنے کیلئے حکومت کو سفارشات پیش کی ہیں۔ عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل سے سوال کیا کہ ماہرین کی کمیٹی کی سفارشات پر عمل آوری کیلئے حکومت کی جانب سے جو قدم اٹھائے گئے ، اس کی تفصیلات پیش کی جائیں۔ عدالت نے 22 ستمبر تک کورونا کی امکانی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے تیار کردہ حکمت عملی کی تفصیلات پیش کرنے حکومت کو ہدایت دی۔ R
خیریت آباد میں لاری اُلٹ گئی
حیدرآباد : حیدرآباد کے لکڑی کا پُل علاقہ میں لاپرواہی سے چلائی جانے والی لاری کے ڈرائیور نے اس کا توازن کھودیا اور یہ لاری پھسل کر سڑک پر الٹ گئی۔یہ حادثہ چہارشنبہ کی صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق یہ لاری،سکندرآباد سے لکڑی کا پُل جارہی تھی۔ اس حادثہ کے نتیجہ میں اس مصروف سڑک پر بڑے پیمانہ پر ٹریفک جام ہوگئی۔حادثہ کے فوری بعد ٹریفک پولیس نے گاڑی کو وہاں سے ہٹاتے ہوئے ٹریفک کو بحال کیا ۔