کورونا کی خبروں کو سنسنی خیز بناکر پیش کرنے سے گریز کیا جائے

   

میڈیا سے ونود کمار کی اپیل،عوام میں ہمت اور حوصلہ بڑھانے کی ضرورت
حیدرآباد: نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا سے اپیل کی ہے کہ کورونا وباء اور اس سے ہونے والی اموات کی خبروں کو سنسنی خیز بناکر پیش نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا کو ایسی خبریں پیش کرنی چاہئے جس سے عوام میں کورونا سے خوف کے بجائے اس سے مقابلہ کی ہمت اور حوصلہ پیدا ہوسکے ۔ ونود کمار نے اپنی اپیل میں کہا کہ کورونا سے ہونے والی اموات کو بار بار پیش کرنے سے عوام میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہورہا ہے۔ ڈر اور خوف سے کئی افراد کی موت واقع ہورہی ہیں۔ انہوں نے اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا کے انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ وہ مثبت انداز میں خبروں کو پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈر اور خوف کی وجہ سے انسان کی قوت مدافعت کم ہوجاتی ہے جس کی وجہ موت بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دواخانوں میں آکسیجن اور وینٹی لیٹر سے متعلق مسائل کو بڑھا چڑھاکر پیش کرنے سے گریز کیا جائے کیونکہ عام لوگوں میں ان خبروں سے خوف کا ماحول ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا حوصلہ اور ہمت بڑھانے والی خبروں کے ذریعہ کورونا کے خاتمہ میں مدد ملے گی ۔ اسی دوران ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سیتا راما راؤ اور کاکتیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ٹی رمیش نے ونود کمار سے ملاقات کی۔ ونود کمار نے کہا کہ ریاست کی یونیورسٹیز میں مخلوعہ 1.500 تدریسی اور غیر تدریسی جائیدادوں پر عنقریب تقررات کئے جائیں گے۔