کورونا کی دوسری لہر سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں

   

آکسیجن والے 10 ہزار بیڈس تیار ، سرحدی علاقوں میں چوکسی ‘ہیلت ڈائرکٹر سرینواس راؤ
حیدرآباد :۔ ڈائرکٹر محکمہ صحت جی سرینواس راؤ نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر سے کسی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اگر مناسب احتیاطی اقدامات نہیں کئے گئے تو ویکسین لینے والے بھی کورونا سے متاثر ہوسکتے ہیں ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سرینواس نے کہا کہ سارے ملک میں کورونا کیسیس میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے ۔ ریاست میں بھی ایک ہفتہ سے کورونا واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ تاہم دوسری ریاستوں کے بہ نسبت تلنگانہ میں کورونا کنٹرول میں ہے ۔ پڑوسی ریاستوں میں کورونا کے اثرات زیادہ ہیں ۔ سرحدی علاقوں میں خصوصی چوکسی اختیار کی گئی ہے ۔ موبائل ہیلت ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں عوام کو چاہئے کہ وہ رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل کریں ۔ لازمی طور پر ماسک لگائے ۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور سنیٹائیزرس کا استعمال کریں ۔ پرہجوم علاقوں میں جانے سے احتراز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ دو دن میں ہولی کا تہوار ہے ۔ اس کے بعد دیگر عید و تہواریں ہیں ۔ عوام احتیاط سے کام لیں اور کورونا کو کنٹرول کرنے حکومت سے تعاون کریں ۔ انہوں نے کہا کہ تاحال ریاست کو ویکسین کے 24,49,330 ڈوز حاصل ہوئے ہیں اور 12 لاکھ ٹیکوں سے استفادہ کیا گیا ۔ ریاست میں صرف 0.7 فیصد کورونا ڈوز ضائع ہوئے ہیں ۔ ہیلت ڈائرکٹر نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ۔ تازہ حالت کو دیکھتے ہوئے 10 ہزار آکسیجن پر مشتمل بیڈس تیار رکھے گئے ہیں اور تمام اقسام کے ادویات کو دستیاب رکھا گیا ہے ۔