کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے ٹسٹوںکی تعداد میں اضافہ کا فیصلہ

,

   

موبائیل گاڑیوں سے روزانہ 15,000 ٹسٹ کرنے عہدیداروں کو ہدایت

حیدرآباد: محکمہ صحت نے ریاست میں کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست بھر میں روزانہ 40,000 سے زائد ٹسٹ کئے جارہے ہیں لیکن محکمہ صحت نے موبائیل ٹسٹنگ گاڑیوں کے ذریعہ روزانہ 15,000 اضافی ٹسٹ کا نشانہ مقرر کیا ہے ۔ ماہرین نے دنیا بھر میں کورونا کی دوسری اور تیسری لہر کے بارے میں ممالک کو چوکس کیا ہے ۔ کئی یوروپی ممالک میں کورونا کی دوسری لہر کا آغاز ہوگیا اور لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ کیا گیا ہے ۔ ہندوستان کی بعض ریاستوں جیسے کیرالا ، ٹاملناڈو اور دہلی میں کیسس کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ درج کیا گیا ۔ تلنگانہ کے عہدیداروں نے احتیاطی تدابیر کے طور پر ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے تاکہ غیر علامتی مریضوں کی حقیقی تعداد کا پتہ چلایا جاسکے ۔ حکومت نے روزانہ 60,000 ٹسٹوں کا نشانہ مقرر کیا تھا لیکن 40,000 تک ٹسٹ کئے جارہے ہیں۔ موبائیل گاڑیوں کے ذریعہ روزانہ تقریباً 5000 ٹسٹوں کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ اب جبکہ دوسری لہر کے آغاز کا اندیشہ ہے ، لہذا موبائیل گاڑیوں کے ذریعہ 15,000 ٹسٹ کئے جائیں گے ۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت جی سرینواس راؤ نے بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے 310 موبائیل ٹسٹنگ گاڑیاں استعمال کی جارہی ہیں۔ یہ گاڑیاں زیادہ تر حیدرآباد و رنگا ریڈی میں استعمال کی جارہی ہیں۔ اسی دوران حکومت نے تمام ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس کو کورونا سے نمٹنے کیلئے سخت چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ ضلع کلکٹرس کی نگرانی میں روزانہ کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا ۔ اضلاع میں موبائیل ٹسٹنگ یونٹس کی تعداد میں اضافہ کی تجویز ہے۔