کورونا کی دوسری لہر میں 36 ڈاکٹرس کی آندھرا پردیش میں موت

   

پسماندگان کو 25 لاکھ ایکس گریشیا ادا کرنے جگن حکومت کا اعلان
حیدرآباد۔ آندھرا پردیش میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران تقریباً 36 ڈاکٹرس کی موت واقع ہوئی ہے۔ عہدیداروں کے مطابق پہلی اور دوسری لہر میں آندھرا پردیش میں جملہ 70 ڈاکٹرس کورونا کے باعث فوت ہوئے۔ انڈین میڈیکل اسوسی ایشن اے پی چیاپٹر کے مطابق ایسٹ گوداوری ضلع میں 23 سالہ ڈاکٹر ٹی وینوگوپال ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ پیڈیاٹرکس کنگ جارج ہاسپٹل سب سے کم عمر فوت ہونے والے ڈاکٹر ہیں۔ گزشتہ ماہ کورونا سے ان کی موت واقع ہوئی۔ اسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر سبرامنیم نے کہا کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں لاکھوں افراد کو کورونا سے نجات دلانے کی جدوجہد میں ڈاکٹرس کی موت واقع ہوئی ہے۔ چونکہ کورونا کی لہر ابھی جاری ہے لہذا ڈاکٹرس اپنی جان کو خطرہ میں ڈال کر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف چونکہ مریض سے راست ربط میں ہوتا ہے لہذا وہ باآسانی کورونا کی زد میں آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائرس سے بچاؤ کیلئے ڈاکٹرس کو پی پی ای کٹس اور دیگر حفاظتی آلات فراہم کئے جارہے ہیں باوجود اس کے وباء کی شدت نے ڈاکٹرس کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرس کے علاوہ ان کے کئی افراد خاندان بھی کورونا کا شکار ہوئے۔ کئی علاقوں میں سرکاری سطح پر ڈاکٹرس کیلئے ضروری احتیاطی آلات کی فراہمی میں تاخیر ہوئی ہے۔ اسی دوران آندھرا پردیش حکومت نے کورونا سے فوت ہونے والے ڈاکٹرس کے پسماندگان کو 25 لاکھ روپئے ایکس گریشیا اور اسٹاف نرسیس کے پسماندگان کو20 لاکھ روپئے امداد کا اعلان کیا ہے۔