کورونا کی سنگین صورتحال‘ عمران خان کا ہندوستانی عوام سے اظہار یکجہتی

   

اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کورونا وائرس کے سنگین حالات سے دوچار پڑوسی ملک ہندوستان کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ٹوئیٹر میں وزیر اعظم نے ہندوستانی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی عوام کو کورونا کی خطرناک لہر کا سامنا ہے’۔انہوں نے کہا کہ ‘ ہندوستان سمیت دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی جلد صحت یابی کے لیے وہ دعاگو ہیں، جبکہ ہمیں انسانیت کو درپیش عالمی چیلنج کا مل کر مقابلہ کرنا چاہیے’۔واضح رہے کہ ہندوستان میں کورونا وائرس کی وبا سنگین صورتحال اختیار کرگئی ہے اور گزشتہ 3 روز سے رپورٹ ہونے والے یومیہ کیسیس کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔اس ضمن میں گزشتہ روز پاکستان میں

‘IndiaNeedsOxygen’

کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرتا نظر آیا اور وزیراعظم عمران خان سے اصرار کیا کہ وہ انسانی بنیادوں پر ہندوستان کے لیے امداد بھیجیں۔دوسری جانب معروفی سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے بیٹے اور ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے نام خط میں کورونا سے پیدا ہونے والے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مدد کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے وزیر اعظم کو 50 ایمبولینس اور رضاکاروں کی ٹیم بھیجنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود رضاکاروں کی ٹیم کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہندوستان میں وبا کی اس نئی لہر کے دوران تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسیس کی وجہ، وائرس کی نئی طرز کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے ’’کمبھ میلے‘‘ سمیت بڑے عوامی اجتماعات کی اجازت دینے کو قرار دیا جا رہا ہے۔ ہندوستان کا نظام صحت طویل عرصے سے ناقص فنڈنگ کا شکار ہے اور کووڈ-19 کی نئی طرز پھیلنے سے آکسیجن، ادویات اور ہاسپٹل کے بستروں کی شدید قلت ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ہاسپٹل آکسیجن کی فراہمی کے لیے درد مندانہ اپیل کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔