جنیوا۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ نئی قسم کے کورونا وائرس کی عالمگیر وبا ایک مرتبہ پھر زور پکڑ رہی ہے۔ جنیوا میں ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہنوم گیبریاس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس وبائی بیماری کے پھیلاو میں دوبارہ تیزی آرہی ہے۔ عالمی ادارے کو ایک دن کے دوران ڈیڑھ لاکھ نئے کیسیس کی اطلاع ملی ہے۔ گیبریاس کے مطابق کووڈ 19 کے نئے کیسیس شمالی، وسطی اور جنوبی امریکہ کے ساتھ ساتھ جنوبی ایشیا اور مشرق وسطی کے ممالک میں سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ آپس میں فاصلہ برقرار رکھا جائے، اپنے ہاتھ کثرت سے دھویں اور حفظان صحت کے دیگر اقدامات پر بھی سختی سے عمل درآمد جاری رکھیں۔