کورونا کی لڑائی تالی بجاکر یا دیا جلا کر نہیں جیتی جاسکتی : شیوسینا

   

ممبئی 7 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) شیوسینا نے آج کہا کہ کورونا کے خلاف لڑائی تالی بجا کر یا پھر دیا جلا کر نہیں جیتی جاسکتی ۔ شیوسینا کے ترجمان اخبار سامنا نے تحریر کیا ہے کہ عوام نے وزیر اعظم نریندر مودی کی اپیل کو ٹھیک سے سمجھا نہیں ہے ۔ اخبار نے تحریر کیا کہ مودی کو چاہئے کہ وہ یہ بالکل واضح کریں کہ وہ شہریوں سے کیا چاہتے ہیں اور ان کے احکام کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دی جائے گی ۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نے پہلے عوام سے تالی بجانے اور پھر بعد میں دیا جلانے کی اپیل کی تھی ۔ مودی کی اپیلوں پر تنقید کرتے ہوئے شیوسینا نے کہا کہ تالیاں ‘ تھالیاں اور روشنی ۔ اس طرح سے ہم جنگ ہار جائیں گے ۔ اس طرح کی اپیلوں پر عوام کے رد عمل کے اظہار کے کئی طریقے ہیں۔ شہریوں نے اس کو سمجھا نہیں ہے ۔ یا تو وزیر اعظم کو شہریوں سے راست کہنا چاہئے یا پھر کیا وہی خود اس طرح کی خوشیوں بھرا ماحول چاہتے ہیں ؟ ۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا بھی ریاست کے عوام سے بات کر رہے ہیں اور وہ انہیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دے رہے ہیں۔