کورونا کی منفی آر ٹی پی سی آر رپورٹ برائے فروخت !

   

بعض ٹراویل ایجنٹس کی جانب سے 700 روپئے میں رپورٹ کی فراہمی کا سلسلہ جاری
حیدرآباد۔کورونا مریضوں کی آمد کو رفت کوروکنے اور آزادی سے گھومنے نہ دینے مختلف ریاستی حکومتوں کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔اتنے سخت گیر اقدامات کے باوجود 700روپئے میں کورونا کی منفی آرٹی پی سی آر رپورٹ فروخت ہورہی ہے اور لوگ اس رپورٹ کے ذریعہ اپنا سفر کررہے ہیں اور انہیں کسی طرح کی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں کئی ٹراویل ایجنٹس جو کہ فضائی و ٹرین ٹکٹ کی بکنگ کرتے ہیں ان کے پا س آرٹی پی سی آر کی منفی رپورٹ 700 روپئے میں حاصل ہونے لگی ہے جو خطرناک رجحان ہے۔ اس متعدی و وبائی مرض کو پھیلنے سے روکنے متاثرین کو سفر سے روکا جا رہاہے اور اس کے علاوہ انہیں قرنطینہ کی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں لیکن ٹراویل ایجنٹس کی جانب سے کورونا کی منفی رپورٹس کی فروخت کے ذریعہ ایسے مسافرین کو بھی مختلف مقامات پر روانہ کیاجانے لگا ہے جو کہ دوسروں کو متاثر کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔ روزنامہ سیاست نے اس سلسلہ میں سال گذشتہ ہی انکشاف کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ شہر حیدرآباد ہی نہیں بلکہ ملک کے کئی شہروں میں کورونا وائرس کی منفی آر ٹی پی سی آر رپورٹ فروخت کی جانے لگی ہے اور اب جبکہ ٹرین کے سفر کیلئے بھی منفی آرٹی پی سی آر کا لزوم عائد کیا گیا ہے تو یہ رپورٹ ٹکٹ بکنگ کرنے والے ایجنٹس کے پاس بھی فروخت کی جانے لگی ہے اور کہا جار ہاہے کہ اس کیلئے اب کسی لیباریٹری کو جانے کی بھی ضرورت باقی نہیں رہی ۔ریاستی حکومت ‘ محکمہ داخلہ ‘ صحت ‘ بلدیہ کے علاوہ محکمہ پولیس کو اس طرح کی فرضی رپورٹس تیار کرتے ہوئے فروخت کرنے والوں اور شہریوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرنی چاہئے ۔