حیدرآباد۔ برطانیہ سے دہلی پہنچی خاتون جس کو قرنطینہ میں رکھاگیا تھا، فرار ہوکر اے پی کے راجمندری پہنچی۔اس کے ساتھ اس کا بیٹا بھی ہے ۔یہ خاتون بذریعہ ٹرین راجمندری پہنچی۔اس خاتون کے غائب ہونے کی اطلاع کے ساتھ ہی چوکس دہلی کے صحت کے حکام نے راجمندری کے محکمہ صحت کے حکام کو اس بارے میں اطلاع دی اور کہا کہ یہ خاتون کورونا کی نئی شکل جو برطانیہ میں عام ہوگئی ہے سے متاثر ہے ۔اس بات کی اطلاع کے ساتھ ہی راجمندری کے صحت کے حکام اور پولیس عہدیدار راجمندری کے راماکرشنا پورم پہنچ گئے جہاں یہ خاتون اپنے بیٹے کے ساتھ مقیم تھی۔ان دونوں کو بعد ازاں سرکاری ہاسپٹل منتقل کیاگیاجہاں ڈاکٹرس نے ان کے خون کے مختلف نمونے حاصل کرتے ہوئے ان کو جانچ کے لئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرلوجی پونے روانہ کئے ۔اس واقعہ کے ساتھ ہی راجمندری کے عوام میں تشویش اور خوف کی لہر دوڑ گئی۔اس خاتون کا تعلق راجمندری سے ہے ۔اس کو برطانیہ سے واپسی پر لازمی قرنطینہ کیاگیا تھاتاہم وہ قومی دارالحکومت سے فرار ہوگئی تھی۔