کورونا کی نئی لہر ،آئی پی ایل حیدرآباد منتقل ہونے کا امکان !

   

نئی دہلی: ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ(بی سی سی) ممبئی میں کورونا کے معاملات میں اضافہ پر سخت نظر رکھے ہوئے ہے اور ابھی بھی پراعتماد ہے کہ وہ آئندہ 9 اپریل سے شروع ہورہے آئی پی ایل کے 14ویں ایڈیشن کا ٹھیک طرح سے اہتمام کرسکے گا حالانکہ بی سی سی آئی نے حیدرآباد کو بیک۔اپ متبادل مقام کے طورپر رکھا ہے جو آئی پی ایل 2021کے انعقاد کے لئے نامزد 6میزبان شہروں میں شامل نہیں ہے ۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ مارچ کے مہینے میں پھر سے ملک میں کورونا کے معاملات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کا مہاراشٹر کے وزیراعلی ادھو ٹھاکرے نے دوسری لہر کے طورپر اعتراف کیا ہے ، جو گزشتہ کے مقابلہ زیادہ سنگین ہے کیونکہ مہاراشٹر،خاص طورپر ممبئی میں اس کا کافی اثر نظر آرہا ہے اس لئے ممبئی میں لاک ڈاون کا اندیشہ ہے ۔ادھو ٹھاکرے نے سنیچر کو کہاکہ آج میں ممبئی میں مکمل لاک ڈاون کا اشارہ دے رہا ہوں لیکن فی الحال باضابطہ طورپر اس کا اعلان نہیں کیا جارہا ہے ۔ اگر کچھ دنوں میں صورتحال میں بہتری نہیں آتی ہے اور کوئی دیگر حل نہیں ملتا ہے تو ہمیں ایک اور لاک ڈاون کا اعلان کرنا ہوگا جیسا کہ عالمی سطح پر کیا جارہا ہے ۔اس درمیان بی سی سی آئی پراعتماد ہے کہ آئندہ دنوں میں صورتحال میں تبدیلی سے بھی آئی پی ایل کے بایو۔ببل (بایو محفوظ ماحول) پر کوئی اثر نہیں پڑنا چاہئے کیونکہ میچ شائقین کی موجودگی کے بغیر بایو ببل میں منعقد ہونے ہیں۔ ممبئی میں اپنے شروعات میچ کھیلنے والی چاروں ٹیمیں چنئی سپر کنگس (سی ایس کے )، دہلی کیپیٹل (ڈی سی)، پنجاب کنگس(پی کے ) اور راجستھان رائلس (آر آر) خصوصی جگہ پر رہ رہی ہیں اور بایو ببل کے باہر کسی بھی شخص کے رابطہ میں نہیں آئیں گی۔ سمجھا جاتا ہے کہ ممبئی میں موجود فرینچائزی نے کہاکہ فی الحال ان کے ساتھ حیدرآباد جانے کے بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی ہے اور انہیں یقین دلایا گیا ہے کہ میچ مقررہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے ۔دوسری طرف ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن (ایم سی اے ) بھی پر اعتماد ہے کہ میچوں کو یہاں سے منتقل نہیں کیاجائے گا کیونکہ تمام مقابلے بایو محفوظ ماحول میں کھیلے جانے ہیں۔ ایم سی اے کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ وہ لوگوں کی بے چینی سمجھتے ہیں لیکن یہ بھی جزوی طورپر ہے کیونکہ ریاستی حکومت کورونا ٹیسٹ پر جارحانہ رہی ہے ۔ ایم سی اے کو ابھی تک حکومت سے لاک ڈاون کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی ہے اور اگر یہ لگایا جاتا ہے تو ممبئی میں ہونے والے میچوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔