محکمہ خواتین و اطفال کی ابتدائی رپورٹ میں انکشاف مزید بچوں کی تعداد بڑھنے کا امکان
حیدرآباد :۔ کورونا کی دوسری لہر سے ریاست میں 143 بچے والدین سے محروم ہونے کا محکمہ خواتین و اطفال بہبود کی ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے ۔ ایسے بچوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کا اندازہ لگایا جارہا ہے ۔ محکمہ خواتین و اطفال بہبود کی جانب سے آنگن واڑی کارکنوں کی مدد سے ریاست میں یتیم ہونے والے بچوں کی نشاندہی کی جارہی ہے ۔ ہیلپ ڈیسک ، چلڈرنس ہیلپ لائن کو وصول ہونے والی تفصیلات کے ذریعہ معلومات حاصل کی جارہی ہے ۔ ابتدائی رپورٹ میں پتہ چلا ہے کہ ابھی تک 143 بچے اپنے والدین سے محروم ہوگئے ہیں ۔ ایسے بچوں کی دیکھ بھال کے لیے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ کورونا کی وجہ سے والدین سے محروم ہونے والے بچوں کی نشاندہی کا ریاست میں سلسلہ جاری ہے ۔ ایسے بچوں کی نگہداشت اور ان کی فلاح و بہبود اور تعلیم و صحت کی ذمہ داری قبول کرنے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے ۔ لیکن سب سے پہلے ایسے بچوں کے رشتہ داروں کی رضا مندی ضروری ہے ۔ اگر رشتہ دار رضا مندی کا اظہار کرتے ہیں تو انہیں خصوصی ہومس میں رکھنے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ اس معاملے میں تلنگانہ حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔۔