حسن آباد۔/27 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد ریونیو ڈیویژن میں شامل مدور منڈل کے مختلف مواضعات میں حالیہ دنوں میں بیرون ملک و بیرون ریاست سے آنے والے افراد کی مقامی سطح پر شناخت و طبی معائنہ و احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی غرض سے پرائمری ہیلت سنٹر، مدور ، لدنور کے طبی عملہ نے گھر گھر سروے کا آغاز کردیا ہے۔ اس ضمن میں آج مدور منڈل کے موضع بھیران پلی میں جنوبی آفریقہ سے واپس آنے والے شخص کی طبی جانچ کی گئی ۔ نیز بطور احتیاط 14 دنوں کے لئے کورنٹائن کرتے ہوئے خود کو ارکان خاندان سے بھی الگ تھلگ رہنے اور گھر سے باہر ہرگز بھی نہ نکلنے کی ڈاکٹر سدھارانی نے سختی کے ساتھ پابند کردیا۔ مدور منڈل کے موضع بیکل کو گزشتہ ہفتہ وشاکھاپٹنم سے آنے والے کی طبی تشخیص کرتے ہوئے گھر پر مقید رہنے کی طبی عملہ نے ہدایت دی۔ منڈل مستقر مدور کو کریم نگر سے آنے والے گھریلو خاتون و دو دختران کا آج ڈاکٹر محمد عبدالسلیم ، ڈاکٹر راجو اور کورونا پروگرام آفیسر ڈاکٹر میری نے تفصیلی طبی جانچ کرتے ہوئے خود کو گھر سے باہر نہ آنے کی ہدایت کی۔ حالیہ دنوں میں بیرون ملک و بیرون ریاست کا سفر کرنے کے بعد مدور پہنچنے والوں کا مدورکے ڈاکٹرس محمد عبدالسلیم اور ڈاکٹر بی راجو نے کورنٹائن کرتے ہوئے مختلف احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔