حیدرآباد۔یکم؍ اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے کورونا کے بہانے ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات کو ملتوی کرنے حکومت کی کوششوں پر تنقید کی۔ کانگریس کے ترجمان اور نائب صدر جی نرنجن نے حیرت کا اظہار کیا کہ چیف منسٹر نے کورونا کے باوجود 26 جولائی کو پرگتی بھون میں حضورآباد کے 412 دلت نمائندوں کا لنچ پر اجلاس منعقد کیا تھا۔ اجلاس میں کورونا قواعد کی خلاف ورزی کی گئی لیکن ایم ایل سی کی 6 مخلوعہ نشستوں پر انتخابات کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن کو مخالفت میں رائے روانہ کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ایم ایل سی الیکشن کے بارے میں حکومت سے رائے طلب کی تھی جس پر چیف سکریٹری نے کورونا کا حوالہ دیتے ہوئے انتخابات میں تاخیر کا مشورہ دیا۔ نرنجن نے سوال کیا کہ حضورآباد اسمبلی حلقہ میں وزراء اور ارکان اسمبلی کو انتخابی مہم میں جھونک دیا گیا ہے لیکن ایم ایل سی الیکشن جس میں انتخابی مہم اور عوام کا کوئی تعلق نہیں اسے ملتوی کرنا چاہتے ہیں۔