کورونا کے حالات میں بھی امن کو بگاڑنے کی کوشش

   

نرمل میں فیس بک پر شرپسندی کے خلاف ایک شخص گرفتار، مسلمانوں کا صبر و تحمل کا مظاہرہ

نرمل۔ ایک طرف ساری دنیا کورونا وائرس کے خوف میں زندگی بسر کررہی ہے کئی ایک مراحل سے گذر رہی ہے ایسے ماحول میں شرپسند عناصر نرمل شہر کی پرمن فضاء کو بگاڑنے اور ماحول کو خراب کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں جبکہ 22 اگسٹ کو ایک شرپسند نے مارکٹ کی مسجد گلزار کے باب الداخلہ کی تصویر کا استعمال کرتے ہوئے اس پر گنیش مورتی کی تصویر چسپاں کرتے ہوئے فیس بک پر وائرل کردیا تھا جبکہ اس محلہ کے وارڈ کونسلر حرکیاتی قائد محمد توحید الدین عرف افونے فوری حرکت میں آتے ہوئے انتظامی کمیٹی مسجد گلزار کی جانب سے پولیس میں شکایت درج کروائی ۔ دیکھتے ہی دیکھتے نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد مسجد گلزار کے پاس جمع ہوکر پولیس اسٹیشن پہنچی جبکہ سیاسی جماعتوں سے وابستہ مسلم قائدین بھی اس سنگین واقعہ پر اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے خاطی کو گرفتار کرنے اور سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ جبکہ برہم نوجوانوں کو سرکل انسپکٹر مسٹر جان دیواکر نے سمجھا کر دو گھنٹوں کا وقت مانگا اور دو گھنٹوں کے اندر اندر اس حرکت کے مرتکب شرپسند سونو نائیک کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے مسلم نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں ۔ قانون اپنا کام کرے گا۔ محمدتوحید الدین رکن بلدیہ نے ضلع پولیس کی توجہ اس جانب کرواتے ہوئے کہا کہ محلہ مارکٹ میں ہر بار کوئی نہ کوئی انداز سے شرپسند ماحول کو بگاڑنے کی منظم کوشش کررہے ہیں ایک بہت بڑی مسلم نوجوانوں کی مارکٹ میں ہمیشہ ہی سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتی آئی ہے ۔ پولیس کو چاہیئے کہ وہ ماضی کے حالات کا بھی نوٹ لیتے ہوئے شرپسندوں کے عزائم پر کڑی نظر رکھیں اور عبادت گاہ کے تقدس کو برقرار رکھتے ہوئے ایسے شرپسندوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کریں۔ قابل تعریف ہے محلہ مارکٹ کے نوجوان جنہوں نے ہر وقت انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کبھی بھی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔ لہذا پولیس کو بھی چاہیئے کہ وہ ان نوجوانوں کے صبر کو دیکھتے ہوئے شرپسندوں کو کڑی سے کڑی سزاد ینے کا کام انجام دے تو مستقبل میں ایسے حالات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔