مکتھل ۔ مکتھل مستقر ٹاون میں کورونا کے کیس میں بتدریج اضافہ اور دواخانوں میں مسلسل بڑھتے ہوئے مریض اور عوام میں عدم احتیاط کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر نوجوانوں کی جانب سے کورونا سے تحفظ اور احتیاط کے سلسلہ میں ایک موٹر سائیکل ریالی نکالی اور ان متعدی امراض سے دور رہنے کے لئے ماسک کا استعمال، سماجی فاصلہ اور بھیڑ بھاڑ سے دور رہے پر زور دیا۔ اس ریالی کے ذریعہ اپنی جانوں کے تحفظ اور زندگی کی اہمیت اور صحتمدانہ ماحول کو برقرار رکھنے کے سلسلہ میں شعور پیدا کیا، جبکہ مکتھل کرانہ اسوسی ایشن کی جانب سے احتیاطی اقدامات کو ملحوظ رکھتے ہوئے دوپہر ایک بجے سے کرانہ دوکانیں اور کاروبار بند کردینے کا رضاکارانہ طور پر اعلان کیا گیا۔ اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے رات 9 بجے سے کرفیو کے نفاذ کے پیش نظر سڑکیں سنسان اور ہوٹلیں بند کردی جارہی ہیں جبکہ مستقر کی مساجد میں بھی 9 بجے کے بعد تراویح سے فارغ ہوکر عوام کا گھروں کا رخ کررہے ہیں اور ساتھ ہی مساجد کو بند کردیا جارہا ہے۔ نیز جمعہ کے موقع پر مساجد میں عوام کو اس مرض کے دوسری لہر کی سنگینی سے واقف کرواتے ہوئے احتیاطی اقدامات پر عمل آوری کے ساتھ ساتھ مایوسی سے دور رہکر ہمت و حوصلہ اپنے اندر بیدار کرنے پر زور دیا جارہا ہے اور ماہ رمضان المبارک کی مناسبت دعاؤں اور مناجات کی طرف توجہ مبذول کی جارہی ہے۔
