نئی دہلی: کورونا وبا کی وجہ سے جب ملک کی معیشت کا پہیہ تھم سا گیا ہے اور بیشتر لوگوں کو مالی دشواریوں کا سامنا ہے ، ایسے میں ریلائنس انڈسٹریز نے اپنے نصب العین‘ ریلائنس میں ملازمین اور ان کے خاندان سب سے پہلے ’ کو آگے بڑھاتے ہوئے اور ‘ ایک ریلائنس پریوار’ کے وعدے کو پورا کرتے ہوئے اپنے ملازمین کیلئے مدد کا ہاتھ بڑھایا ہے ۔ریلائنس انڈسٹریز نے کورونا وبا کی زد میں آنے والے اپنے تمام ایسے متوفی ملازمین کے لئے جو پے ۔ رول پر نہیں تھے ، ان کے لواحقین کو 10لاکھ روپے کی مالی مدد دینے کا اعلان کیا ہے ۔ ریلائنس انڈسٹریز نے آج اعلان کیا کہ کورونا سے ہلاک ہونے والے ملازمین کے سبھی بچوں کی گریجویشن تک کی تعلیم پر آنے والا 100 فیصد خرچ کمپنی برداشت کرے گی۔ کمپنی متوفی ملازمین کے خاندان کو 5 سال کی تنخواہ دے گی۔ اس کے علاوہ ریلائنس انڈسٹریز نے ملازمین کی شریک حیات، والدین اور بچوں کو زندگی بھر میڈیکل کوریج دینے اور سبھی ملازمین اور ان کے اہل خانہ کیلئے ویکسین کی بھی یقین دہانی کرائی ہے ۔ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی نے اپنے تمام ملازمین کو لکھے ایک مکتوب میں انہیں بھروسہ دلایا کہ ایک ریلا ئنس پریوار کے طور پر مصیبت کی اس گھڑی میں کمپنی ان کے ساتھ ہے ۔ انہو ں نے کہا حالانکہ وقت مشکل ہے ، ہمیشہ یہ ضرور یاد رکھیں کہ آپ تنہا نہیں ہیں ،ریلائنس پریوار ہمیشہ آپ کے ساتھ ہے ۔