کورونا کے دوسرے مرحلہ سے بچاؤ کیلئے محکمہ صحت چوکس

   

کورونا ختم نہیں ہوا، عوام احتیاط کریں، عہدیداروں کی شعور بیداری مہم

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے کورونا کے دوسرے مرحلہ کے امکانات کو دیکھتے ہوئے احتیاطی اقدامات پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ محکمہ صحت کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کو اس سلسلہ میں چوکس کردیا گیا ہے اور تمام اضلاع میں نظم و نسق کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کورونا سے نمٹنے کے اقدامات میں کوئی تساہل نہ کریں۔ حکومت نے عوام سے احتیاطی تدابیر برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصور نہ کیا جائے کہ کورونا ختم ہوچکا ہے ۔ احتیاطی تدابیر میں کوتاہی کے نتیجہ میں صورتحال دوبارہ سنگین نوعیت اختیار کرسکتی ہے۔ حکومت نے کورونا ٹسٹنگ کے معاملہ میں عہدیداروں کے رویہ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔ ٹسٹوں کی تعداد میں کمی و بیشی کے بجائے حکومت کی جانب سے طئے کردہ نشانہ کی تکمیل کی ہدایت دی گئی ہے۔ روزانہ 40 تا 50 ہزار ٹسٹوں کی صورت میں ریاست میں دیڑھ ہزار تک نئے کیسس منظر عام پر آرہے ہیں جبکہ ٹسٹوں میں کمی پر کیسس کی تعداد کم دکھائی دے رہی ہے ۔ اگست اور ستمبر میں ڈھائی تا تین ہزار کیسس منظر عام پر آرہے تھے جبکہ روزانہ 60,000 ٹسٹ کئے جارہے تھے۔ حالیہ عرصہ میں ٹسٹوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے اور تعطیلات میں یہ تعداد کافی کم رہتی ہے۔ تقریباً 40,000 معائنوں کی صورت میں 1200 تا 1500 کیسس منظر عام پر آرہے ہیں ۔